پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے ترجمان اور جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے ہنگو اور مستونگ بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مدینہ مسجد کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 50افراد شہید اور 70 سے زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد میں ڈی ایس پی نواز گشکوری بھی شامل تھے جو جلوس انتظامات دیکھ رہے تھے۔
پی ڈی ایم ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ چند روز قبل میں خود مستونگ میں قاتلانہ حملےمیں شدید زخمی ہوا ہوں، آج ہنگو اور مستونگ کے سانحات نے میرا دل زخمی کر دیا ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں، دہشتگرد حملوں میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل قوم کیلئے بڑا امتحان ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ امتحانات کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارے قوم کوجوابدہ ہیں، ملوث عناصرکو ٹھکانے کیوں نہیں لگایا جاتا۔