متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی شام سے جمعرات تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اماراتی محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباؤ کی توسیع سے متاثر ہے، مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پراثرانداز ہوں گی۔
اماراتی محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ کچھ جگہ اولے بھی پڑسکتے ہیں، اس دوران تیز ہواؤں کی رفتار 65 کلومیٹر کی فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔
متحدہ عرب امارت میں بدھ،جمعرات اورجمعہ کوبارش کی پیشگوئی کے پیش نظر دبئی کےتعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ حکام کے مطابق تعطیلات کا مقصد اساتذہ اور طلباکی حفاظت کویقینی بنانا ہے۔