نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) زرعی شعبہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنے زرعی قرض پروگرام کو توسیع دے رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق زرعی شعبہ میں خواتین کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر این بی پی مالیاتی رکاوٹوں کوختم کرنے اور خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کیلئے مراعات و فوائد کا جامع پیکیجز پیش کرتا ہے۔
زرعی شعبہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے این بی پی کم سے کم ذریعہ آمدن پر آسان شرائط کے ساتھ رعایتی مارک اپ اور ترجیحی بنیادوں پر قرض کی تیزترین پراسسنگ پیش کرتا ہے تاکہ خواتین سازوسامان اور وسائل میں طویل مدتی سرمایہ کاری کیلئے فنانس تک بروقت رسائی حاصل کرسکیں۔
این بی پی کا زرعی قرض پروگرام اپنے 7فیصد کے مسابقتی مارک اپ ریٹ کے ذریعے تمام کاشتکاروں کو نمایاں فوائد کی پیش کش کرتا ہے۔ یہ قرضہ زرعی ضروریات کی وسیع رینج کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے جس میں گودام، شمشی توانائی پر چلنے والے ٹیوب ویل، فشریز، نئے ٹریکٹرز، زرعی بیلر، بیج، مٹی اور کیڑے مارادویات وغیرہ شامل ہیں۔
جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی جیسا کہ اعلیٰ استعدار کار کے حامل نظام آبپاشی کے فروغ کے لئے این بی پی نے زرعی یونیورسٹیوں، ٹریکٹرز اینڈ امپلیمنٹ بزنسز اور پنجاب اور سندھ زرعی محکموں کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جس سے نہ صرف فنانس تک زیادہ رسائی میں مددملے گی بلکہ کسان ضروری وسائل میں سرمایہ کاری کرکے اپنے زرعی پیداوار کو بہتر بناسکیں گے۔