خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق 10افراد میں6مرد،2 خواتین اور 2بچے شامل ہیں، زخمیوں میں5مرد،2خواتین اور7بچےشامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دیوار، چھتیں، آسمانی بجلی گرنے سے56گھروں کو نقصان پہنچا،51گھروں کوجزوی،5کومکمل نقصان پہنچا۔ نقصان باجوڑ، سوات، مانسہرہ، بٹگرام، دیر، لوئرمالاکنڈ، لکی مروت میں ہوا۔ کوہاٹ، اورکزئی، شانگلہ، دیراپر،بونیر،چترال لوئر، نوشہرہ، مہمند بھی متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، بارش سے متاثرہ اضلاع میں بند شاہراہوں کو کھولا جارہا ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوارواقعہ کی اطلاع 1700پردیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری مسلسل چوتھے روز جاری ہے، جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی، وادی نیلم سمیت پہاڑی علاقوں میں بجلی اورموبائل سروس متاثر اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بکوٹ، نمل، کوہالہ روڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات سے بند ہوگیا۔
انتظامیہ نے سیاحوں کیلئے وادی نیلم سمیت دیگرعلاقوں کا سفرغیرموزوں قرار دیدیا۔ انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران سیاح پہاڑی علاقوں کےسفرسے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔