سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما تحریک انصاف سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے پیرامیٹرز طے کیے جائیں، بتایاجائےکس کس معاملے پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔
صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو میں سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے ملک کو گرفت میں لے رکھاہے، جس نے مذاکرات کرنے ہیں وہ سنجیدگی دکھائے، اسٹیبلشمنٹ حقیقت ہے اور پی ٹی آئی بھی سب سے بڑی جماعت ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہوا میں نہیں ہوتے،ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کریں گے، یہ فارم47والی حکومت ہے، دیکھنا ہے کس حد تک بااختیار ہے، کس طریقے، کس ماحول میں مذاکرات ہوں گے،تبھی راہ ہموار ہوگی۔
واضح رہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔ ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئیں پاکستان کےلیے ایک ساتھ بیٹھیں، ہم ایک بار پھر آپ کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں۔