معروف بالی ووڈ ایکٹریس پرینیتی چوپڑا کو بلاک بسٹر فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ میں بہترین پرفارمنس دینے پر شائقین خوب سرا رہے ہیں لیکن اس کیلئے انہیں بھاری قیمت بھی چکانا پڑی ۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پرینیتی چوپڑا نے بتایا کہ اس فلم کے لیے انہیں 16 کلو وزن بڑھانا پڑا تھا۔ پرینیتی کا کہنا تھا کہ میں اس فلم کے لیے ڈائریکٹر امتیاز علی سے جب ملنے گئی تو اس وقت میں بالکل فٹ اور سمارٹ تھی۔پرینیتی نے بتایا کہ وہ اس فلم کے لیے بہت پرجوش تھیں اسی لیے ڈائریکٹر امتیاز علی نے انہیں اس فلم میں کام کرنے کی آفر کی تاہم انہوں نے کہا کہ تم فلم کے کردار ’امر جوت کور‘ جیسی نہیں لگتی۔ پرینیتی نے بتایا کہ ڈائریکٹر امتیاز نے انہیں فلم میں کام کے لیے تقریباً 20 کلو گرام وزن بڑھانے کا کہا۔
پرینیتی کا کہنا تھا میں نے 2 سال کی محنت سے اپنا وزن اور جسامت کو پرفیکٹ بنایا تھا لیکن اس فلم میں کام کرنے کی اس قدر خواہش تھی کہ میں 2 سال کی محنت کو ایک منٹ میں بھول گئی اور تقریباً 16 کلو وزن بڑھانے میں کامیاب ہوگئی۔پرینیتی چوپڑا نے اس حوالے سے بتایا کہ وزن بڑھانے کے لیے وہ خوب کھاتی تھیں اور کھانے کے بعد سوجاتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزن بڑھانے کے لیے انہوں نے چاول اور زیادہ روٹیاں کھانا شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ روز روز پیزا کھانا اور مزے کرنا بھی آسان بات نہیں۔
پرینیتی نے بتایا کہ انہیں 16 کلو وزن بڑھانے میں 6 ماہ لگے، اس سارے عمل کے دوران ان کی نیند متاثر ہوئی جس کی وجہ سے ان کا موڈ بھی خراب رہنے لگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ تک انہوں نے کوئی ورزش نہیں کی بلکہ وزن بڑھانے کے لیے کولڈ ڈرنکس اور ملک شیک بھی پیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سب کرنا تھا کیونکہ مجھے امر جوت کور جیسا نظر آنا تھا، میں اس کردار کے لیے 10 سال سے انتظار کررہی تھی۔پرینیتی نے انکشاف کیا کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک ان کا وزن کم نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزن کم کرنا بھی ایک مشکل کام ہے لیکن لوگ ابھی بھی میرے اور میری لُکس کے بارے میں عجیب عجیب باتیں کر رہے ہیں، لیکن میرا ماننا ہے کہ اگر مجھے کوئی فلم ملے تو میں سب کو حیران کرکے دکھا دوں گی۔
جن دنوں فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ کی شوٹنگ جاری تھی، انہی دنوں پرینیتی کی راگھو چڈا سے شادی ہوئی۔ شادی کے وقت ان کا وزن بڑھا ہوا تھا۔ پرینیتی نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے اہم دن تھا۔ اس فلم کے لیے میں نے برانڈز، شادی، اپنی شکل و صورت، ریڈ کارپٹ پر واک سمیت بہت سی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے لیے میں نے بہت کچھ کھو دیا لیکن میں نے جو کردار ادا کیا وہ مرتے دم تک نہیں بھول پاؤں گی۔