صوبہ پنجاب کے شہر لیہ سے سابق ایم این اے سردار غلام فرید میرانی سمیت متعدد سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس لاہورمیں لیہ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق رکن ڈسٹرکٹ کونسل سردار غلام فرید میرانی، یوسی چیئرمین ہاشم خان اور امیر محمد خان، سابق رکن پنجاب اسمبلی سید فضل شاہ گیلانی کے صاحبزادے سید مہدی حسین گیلانی نے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران تمام مذکورہ شخصیات نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، مخدوم سید مرتضی محمود، عبدالقادر شاہین، پی پی پی لیہ کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکریٹری محمد شفیق احمد خان اور این اے 182 سے پی پی پی کے ٹکٹ ہولڈر محمد رمضان جٹ بھلڑ بھی موجود تھے۔