چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پوری قوم مل کر ٹیم پاکستان ہے، ترقی کے دشمنوں کو ناکام بنائیں گے۔
اسلام آباد میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم کا ہر فرد ٹیم پاکستان کا حصہ اور سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں ، منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ملکی ترقی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے ۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ناکامی ایسے شرپسند عناصر کا مقدر ہے ، ملک میں کسی قسم کا عدم استحکام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے سارے منفی ہتھکنڈے عوام کی مدد اور تعاون سے ناکام بنا دیئے جائیں گے۔
سربراہ پاک فوج نے یہ بھی واضح کیا کہ مکمل خود مختاری کا تصور معاشی استحکام کے بغیر ممکن ہی نہیں، اس لئے ضروری ہے کہ سب مل کر منفی قوتوں کو یکسر مسترد کردیں اور ساری توجہ استحکام و ترقی کے سفر پر مرکوز رکھی جائے۔