وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کیساتھ ہمیشہ سے اچھے تعلقات ہیں، وہ بڑے بھائی کی طرح ہیں، میڈیا پر انکے اور میرے تعلقات سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
اسلام آباد میں الیکٹرانک میڈیا نمائندوں سے ملاقات کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغانیوں کیخلاف کریک ڈاؤن سے متعلق جلد فیصلہ ہوگا، نیکٹا کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں غیر قانونی رہائشی غیرملکیوں کا ڈیٹا پہلے سےموجود ہے، آئی جی اسلام آباد غیرقانونی رہائش پزیرافراد کے خلاف کمر کس لیں، جن غیرملکیوں کے پاس کارڈ موجود ہیں ان کیلئے 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، تین ماہ کے بعد ان کو بھی جانا پڑے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چائنیز کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہمیں بہت زیادہ خدشات ہیں، اس حوالے سے چائینز کے ساتھ مل کر بہتر لائحہ عمل بنا رہے ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات پر اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد ہے، 5 ماہ تک کی تاخیر سے عوام کو پاسپورٹ مل رہے ہیں، پاسپورٹ کے مسائل سے آگاہ ہوں جلد اس محکمہ کو ٹھیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے آن ایرائیول ویزا سسٹم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر سے متعلق کچھ مزید وقت درکار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس پر یقین رکھتا ہوں، طاقت آنی جانے والی چیز ہے، بطور وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کبھی بھی پولیس کو گھروں میں خواتین سے بدتمیزی کے احکامات نہیں دیئے۔