بنگلہ دیش کے کرکٹر شکیب الحسن کی اگلے ماہ زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین کا کہنا تھا کہ شکیب الحسن اگلے ماہ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کھیل سکتے ہیں اور وہ وائٹ بال کرکٹ میں واپسی کے حصے کے طور پر ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے ایک دو میچوں میں بھی شرکت کر سکتے ہیں۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ہم نے شکیب کے ساتھ بات چیت کی ہے اور اس کی ماہ کے آخر میں ڈھاکہ پہنچنے کی توقع ہے۔
غازی اشرف حسین کا کہنا تھا کہ ہم یقینی طور پر چاہیں گے کہ شکیب سیریز میں دو میچ کھیلے ، ہم 28 اپریل کو ٹیم کا اعلان کریں گے اور اس وقت تک ان کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال واضح ہوجائے گی۔
شکیب نومبر 2023 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے ختم ہونے کے بعد انجری کے باعث وقفے پر تھے اور اس ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف چٹاگرام ٹیسٹ میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے تھے۔
شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش زمبابوے کے خلاف پہلے تین ٹی ٹوئنٹی 3، 5 اور 7 مئی کو چٹاگرام میں اور آخری دو ٹی ٹوئنٹی 10 اور 12 مئی کو ڈھاکہ میں کھیلے گا۔
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جس کی قیادت سکندر رضا کریں گے۔