اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے منگل کو لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی۔معزز مہمان کی آمد پر رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے بعد ازاں مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے عظیم فلسفی اور شاعر علامہ محمد اقبال ؒ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ایرانی صدرابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبال تاریخ ساز شخصیت تھے، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہے، علامہ اقبال نے امت مسلمہ کونئی راہ دکھائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانیوں کےدل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے رہیں گے، پاکستان میں اجنبیت کااحساس نہیں ہوا، ایرانی سپریم لیڈر کی طرف سے پاکستانیوں کو سلام پیش کرتاہوں۔
اس سے قبل ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک روزہ دورے پرلاہور پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ ایرانی صدر کا علامہ اقبال انٹرنیشل ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا۔