پاکستان اور ایران کے درمیان 8 مختلف سمجھوتوں پر دستخط ہوگئے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 8 یادداشتوں پر دستخط ہوگئے، وزیراعظم شہبازشریف اورایرانی صدر ابراہیم رئیسی تقریب میں شریک تھے۔
پاکستان اورایران کے درمیان عدالتی معاونت کے سمجھوتے پر دستخط جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے سمجھوتے کی توثیق کی گئی، پاکستان اورایران میں ویٹرنری اور حیوانات کی صحت سے متعلق معاہدے پردستخط ہوگئے۔
خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے متعلق مشترکہ تعاون، فلم کے تبادلے کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات اور ایرانی وزارت ثقافت کے درمیان ایم اویو پر دستخط ہوگئے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی صدر اور شہباز شریف کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستانی قوم آپ کےدورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ایرانی صدر نے پرتپاک استقبال پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعلقات کے فروغ، تعاون بڑھانے، تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ، جب کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔