وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی صدر اور شہباز شریف کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستانی قوم آپ کےدورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ایرانی صدر نے پرتپاک استقبال پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعلقات کے فروغ، تعاون بڑھانے، تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ، جب کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صد کوگارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر کے ساتھ پودا لگایا، ایرانی صدر کا وفاقی وزراء سے تعارف بھی کرایا گیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پہلے روز صدرمملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف مہمان سربراہ مملکت کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔
پاکستان اور ایرانی وفود کی سطح پر مذاکرات بھی وزیراعظم ہاؤس میں ہوں گے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ ایرانی صدر کے دورہ کے دوران 7 سے 8 ایم او یوز پر دستخط ہونے کا امکان ہے، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔
ایرانی صدر کی چیئرمین سینیٹ،اسپیکر قومی اسمبلی اوردیگر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، ایرانی صدر کی اہلیہ نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کریں گی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی اہلیہ پاکستان سویٹ ہوم کا بھی دورہ کریں گی۔ ایرانی صدر کی اہلیہ قائداعظم یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کریں گے، ایرانی صدر اور ان کی اہلیہ کی میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات ہوگی۔