خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں اموات کی مجموعی تعداد 63 ہوگئی۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 12 اپریل سے اب تک ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق اب تک صوبے بھر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 78 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات مییں جاں بحق ہونے والے افراد میں 33 بچے، 15 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں جبکہ اس دوران 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 477 گھروں کو مکمل جبکہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات ضلع خیبر، دیر اپر و لوئر،چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام سمیت دیگر اضلاع میں ہوئے۔
یاد رہے پاکستان میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 12 اپریل سے 15اپریل تک جاری رہا تھا اور پھر دو روز کے وقفے کے بعد 17 اپریل سے بارش برسانے والا ایک اور نظام ملک میں داخل ہو گیا تھا جس دوران ملک کے طول و عرض میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔