پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے کیڈیٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 149 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 14ویں مجاہد کورس، 68 ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 23ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، مہمان خصوصی تھے جبکہ ترک جنرل سٹاف کے چیف جنرل متین گورک اس موقع پر گیسٹ آف آنر تھے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور ترک چیف آف جنرل سٹاف نے ممتاز کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں دوست ممالک کے 49 کیڈٹس بھی شامل تھے، اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر محمد نعمان عبداللہ کو اعزازی شمشیر اور 149ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کمپنی کے سینئر انڈر آفیسر محمد عبداللہ جاوید کو صدارتی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سعودی عرب کے سینئر انڈر آفیسر فہد بن عقیل الطوارقی الفلاج کو دیا گیا۔ آرمی چیف کی اعزازی 14ویں مجاہد کورس کے کورس انڈر آفیسر الیاس خان اور 68ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس جونیئر انڈر آفیسر دانش ستار اور 23ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر شیر بانو کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو پی ایم اے میں تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پی ایم اے اپنے قیام سے لے کر اب تک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے کیڈٹس کے لیے قیادت کا بہترین گہوارہ اور سنٹر آف ایکسی لینس ثابت ہوا ہے، گزشتہ برسوں کے دوران پی ایم اے نے متعدد غیر ملکی کیڈٹس کو بھی تربیت دی، آج کی پریڈ اپنے بہترین فوجی نظم و ضبط کی ایک شاندار مثال ہے۔