وفاقی ادارہ شماریات نے ملک بھر میں چینی کے نرخ جاری کردیئے، مختلف شہروں میں چینی 180 سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے مختلف شہروں میں چینی 180 سے 200 روپے کلو میں فروخت ہوئی، پشاور اور کوئٹہ میں چینی کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی۔
رپورٹ کے مطابق پشاور اور کوئٹہ میں چینی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی، راولپنڈی اور کراچی میں چینی 195، اسلام آباد، خضدار میں 190 فی کلو میں دستیاب تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، سکھر اور بنوں میں چینی 180 روپے کلو میں فروخت ہوئی جبکہ لاہور، لاڑکانہ میں 185، سرگودھا 176 اور بہاولپورمیں چینی کی قیمت 175 روپے کلو رہی۔
واضح رہے کہ سٹے بازوں، ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ کے باعث چینی کی قیمت میں چند روز کے دوران 40 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چینی کی افغانستان اسمگلنگ روکنے کیلئے مختلف شہروں میں کارروائیاں بھی جاری ہیں۔