اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر عرفان میمن اسلام آباد کی غیرمشروط معافی کی درخواست مسترد کردی۔
شہریارآفریدی کی گرفتاری پر ایم پی اوجاری کرتے وقت اختیارات سے تجاوز کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کی غیرمشروط معافی کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس بابرستار ڈی سی عرفان میمن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیملی اور دوستوں کے ذریعے مجھے اپروچ کروا رہے ہیں ڈی سی صاحب آپ آگ سے کھیل رہے ہیں۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کیا میں آپ کو ایک اور شوکاز نوٹس جاری کروں؟ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ میں حلف اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے اپروچ نہیں کرایا، جسٹس بابر ستار نے کہا کہ میں کیس سن رہا ہوں اور یہ مجھے کال کروا رہے ہیں۔
وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ ہم عدالت کے رحم و کرم پر ہیں ، جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ڈی سی صاحب آپ پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے کا الزام ہے، عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہدایت کی کہ پراسیکیوٹر صاحب شیڈول بنائیں ٹرائل کیسے آگے بڑھے گا۔