قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اونپر سعید انور اپنے نام سے منسوب جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پریشان ہوگئے۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد تبلیغ سے وابستگی اختیار کرنے والے سعید انور کے مطابق ان کا کوئی سوشل میڈیا اکاونٹ نہیں ہے۔
اپنے بیان میں سعید انور کا کہنا تھا کہ اب کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں، سوشل میڈیا پر ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹ گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں، میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا کر گمراہ کن بیانات جاری کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعید انور کے نام سے منسوب پوسٹ میں آئی پی ایل کی وکٹوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب سے سابق کرکٹر اور قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے ممبر محمد یوسف نے اپیل کی ہے کہ سعید انور کے نام سے منسوب جعلی ایکس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 51 ہزار فالوورز رکھنے والے سعید انور کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔