رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران امریکہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں سرفہرست رہا۔ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان نے سب سے زیادہ مصنوعات امریکہ ایکسپورٹ کیں جس کے بعد برطانیہ اور چین دوسرے نمبر پر رہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی اگست 2023 کے دوران امریکہ کو کل برآمدات 934.666 ملین امریکی ڈالرز ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی- اگست 2022 کے دوران 1122.883 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 16.76 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کے بعد برطانیہ کا نمبر آیا جہاں پاکستان نے گزشتہ سال 338.304 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 351.135 ملین ڈالر کی اشیا برآمد کیں، جس میں 3.79 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چین تیسرا سب سے اوپر برآمدی مقام تھا، جہاں پاکستان نے زیر جائزہ مہینوں کے دوران 333.077 ملین ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں۔ دیگر ممالک میں، متحدہ عرب امارات کو پاکستانی برآمدات گزشتہ سال 244.889 ملین ڈالر کے مقابلے 295.565 ملین ڈالر رہیں، جو کہ 20.69 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ جرمنی کو برآمدات گزشتہ سال 303.754 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے 253.155 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ہالینڈ کو 259.448 ملین ڈالر کے مقابلے میں 226.624 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ اٹلی کو 197.279 ملین ڈالر کے مقابلے میں 195.539 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
اسپین کو پاکستان کی برآمدات 242.2023 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 211.454 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ افغانستان کو برآمدات گزشتہ سال 81.795 ملین ڈالر کے مقابلے 88.393 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
بنگلہ دیش کو برآمدات 143.757 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 98.589 ملین امریکی ڈالر رہیں۔اسی طرح، زیر جائزہ مہینوں کے دوران فرانس کو 96.921 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 91.043 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ بیلجیئم کو 134.864 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 96.515 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات گزشتہ سال 75.154 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں رواں سال کے دوران 95.174 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ ترکی کو برآمدات 62.972 ملین امریکی ڈالرریکارڈ کی گئیں۔