بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملہ میں ملوث عامر عرف تانبا ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
اتوار کے روز لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر جیل میں حملے میں ملوث عامر تانبا شدید زخمی ہوگیا تھا جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عامر عرف تانبا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق عامر سرفراز کی موت خون زیادہ بہنے کی وجہ سے ہوئی۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول عامر تانبا کو مجموعی طور پر چار گولیاں لگیں، حملہ آوروں نے 2 گولیاں سینے اور دو ٹانگوں میں ماریں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول عامرتانبا کو پہلے سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں جبکہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی ۔
دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔