امریکا نے ایران کے حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں اپنے ملازمین کے سفر پر پابندی لگا دی۔
امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ عملے کو کہا گیا ہے کہ وہ یروشلم، تل ابیب یا بیر شیبہ کے علاقوں سے باہر سفر نہ کریں۔
خیال رہے کہ ایران نے 11 روز قبل ہونے والے شام میں اپنے قونصل خانے پر حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے، حملے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
قونصل خانے پر حملے میں ہلاک ہونے والوں میں شام اور لبنان میں ایران کی ایلیٹ قدس فورس کے ایک سینئر کمانڈر کے علاوہ دیگر عسکری شخصیات بھی شامل تھیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ میں جنگ کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
اتوار کو ایک ایرانی اہلکار نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کے سفارت خانے اب محفوظ نہیں ہیں۔
جمعرات کو سفری پابندیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر اسرائیل میں خطرے کے ماحول کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانبب جرمن ایئر لائن نے بھی ایرانی دارالحکومت تہران کے لیے پروازوں کی معطلی میں ہفتے تک توسیع کر دی ہے۔