پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ہو جائے گی۔
بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی عید سے پہلے ہوسکے لیکن کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے 3 کیسز میں سے دو پر فیصلہ پہلے ہی معطل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی مزاحمت کے بغیر اس مرتبہ رہائی ہوگی، توشہ خانہ کیس بے بنیاد بنایا گیا تھا، کیس کا نہ سر ہے نہ پاؤں، بشری بی بی نے نہ ہی پیسے لئے اور نہ ہی دیے ہیں، بشری بی بی کو کیس میں بانی پی ٹی آئی پہ پریشر ڈالنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت پہلے دن کیس لگا تو نیب نے خود اسے معطل کرنے کا کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بونیر کی تعمیر و ترقی کے لئے میگا پروجیکٹ پر کام شروع کریں گے، بونیر میں ویمن یونیورسٹی کی بنیاد رکھیں گے۔