سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے عام انتخابات 2024 میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات 2024 میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے نے نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر ان کی نئی پارٹی کا حصہ ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی کا نام پاکستان مسلم لیگ کی طرز پر نہیں رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی رجسٹرڈ کرانے کا طریقہ معلوم کرنے الیکشن کمیشن آفس گیا تھا، 4 سے 6 ہفتوں میں نئی پارٹی کی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی، مفتاح اسماعیل، مصطفیٰ نواز کھوکھر نئی پارٹی کا حصہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لشکری رئیسانی اور خواجہ ہوتی سے بھی معاملے پر بات ہوئی، پاکستان مسلم لیگ کی طرز پر نام رکھنے کی تجویز زیرغور آئی لیکن، نئی پارٹی کا نام پاکستان مسلم لیگ کی طرز پر نہیں رکھیں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی اور اصلاحات ہونی چاہئیں، حکومت کا نظام اور پارلیمنٹ مفلوج ہوچکی ہے، ہمارا ملک جہاں پہنچ گیا اس صورتحال میں کسی کو میڈل نہیں بانٹنےچاہئیں، جس جج نے نوازشریف کوسزا دی انہوں نے ہی بانی پی ٹی آئی کوسزا دی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو خود کو سیاسی دھارے میں لانا ہوگا، پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے ، اس نے سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 16 مہینے جیسی کابینہ ہوگی تو معاملات نہیں چلیں گے، حکومت کی کارکردگی وہ نہیں تھی جو ہونی چاہیے۔