پشاور سے آنے والی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس کو شدید حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں انجن بری طرح تباہ ہوگیا جبکہ ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے لاہور آرہی تھی کہ فیصل آباد کے قریب ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن بری طرح تباہ ہوگیا اور حادثے میں ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔
ہیڈکوارٹرز میں ابتدائی اطلاع کے مطابق ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور تباہ حال انجن میں پھنس گئے تھے تاہم، قریبی دیہات کے لوگ دونوں کو نکالنے میں کامیاب رہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین ٹریفک آدھے گھنٹے میں بحال کردی جائے گی، حادثہ میں تمام مسافر محفوظ رہے۔
ریلوے افسران اورطبی عملہ جائے حادثہ پر موجود ہیں، حادثہ میں زخمی ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز نے گریڈ 20 کے تین افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو 24 گھنٹے میں ابتدائی رپورٹ سی ای او کو پیش کرے گی۔