وزیراعظم شہبازشریف منصب سنبھالنے کے بعد پہلےغیرملکی دورےپر سعودی عرب پہنچ گئے، شہبازشریف عمرہ ادا کرنے کے علاوہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات بھی کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا بھی وزیراعظم کےہمراہ ہیں، شہبازشریف کمرشل فلائٹ سے سفر کیا اور اس دوران وہ پرواز میں مسافروں سے گھل مل گئے ، مسافروں نے شہبازشریف کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں ، وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں اور بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھا اور حال احوال پوچھا۔
سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان آل سعود نے کیا ۔وزیراعظم آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے ، عمرہ کی ادائیگی کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں دو طرفرہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہو گی جبکہ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
شہبازشریف کے ہمراہ سعودی عرب جانے والے وفد میں وفاقی کابینہ کے اراکین اسحاق ڈار ، خواجہ آصف ، محمد اورنگزیب ، عبدالعلیم خان، عطاءاللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی شامل ہیں ۔ ترجمان دفترخارجہ کےمطابق دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی تعاون بڑھانےاور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔