اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران نیا وکیل پیش نہ کرنے پر عدالت نے پی سی بی پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے آج کی سماعت کا حکمنامہ بھی جاری کردیا۔ جس میں کہا گیاہے کہ پی سی بی کی جانب سے محمد عرفان ظفر ہاشمی کو وکالت سے ہٹایا گیا، اس کے بعد نئے وکیل کی خدمات ہی نہیں لی گئیں، پی سی بی کا یہ رویہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف اور ناقابل قبول ہے۔ عدالت نے پی سی بی پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پی سی بی وکیل مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں، مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل چیئرمین پی سی بی کو فون کرکے عدالتی احکامات سے مطلع کریں۔ اگر آئندہ سماعت پر بھی وکیل نہ آیا تو چیئرمین پی سی بی کو طلب کریں گے۔ مزید سماعت تیرہ مئی کو ہوگی۔