افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمان انجری کے باعث کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی آئی پی ایل 2024 مہم سے باہر ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) ایڈیشن 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کو اہم دھچکا لگا ہے کیونکہ ٹیم میں شامل اہم افغان سپنر مجیب الرحمان انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کولکلتہ کی جانب سے مجیب کی جگہ ان کے ہم وطن 16 سالہ اللہ غضنفر کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
افغان سپنر غضنفر نے اس ماہ کے شروع میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تاہم، وہ اپنے کھیلے گئے پہلے دو میچوں میں بغیر کسی وکٹ کے رہے اور وہ حال ہی میں ختم ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں افغانستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر تھے جنہوں نے 16.75 کی اوسط سے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
غضنفر 6 لسٹ اے میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔
دوسری جانب راجستھان رائلز نے فاسٹ باؤلر پرسید کرشنا کے متبادل کے طور پر جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج کو سائن کر لیا ہے۔
مہاراج جنوبی افریقہ کے ایک تجربہ کار باؤلر ہیں جہنوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں کل 237 وکٹوں کے ساتھ 50 ٹیسٹ، 44 ون ڈے اور 27 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں اور وہ دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز میں کھیل چکے ہیں۔