آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فوج نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، شرکاء نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ یقینی بنائیں گے ہر غیرملکی شہری خصوصاً چینی پاکستان میں محفوظ رہیں، دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور عوام کے حوصلے کو کم سمجھا، قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی، فوج نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا، کہا پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔
شہبازشریف نے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے دہشت گردی کو پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے آلہ کار بنایا ہے۔ ایسی کارروائیوں کا مقصد آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
اجلاس کے شرکاء کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔