وزیر بحری امور قیصر شیخ نے کہا کہ وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کیلئے وارفیج چارجز میں کمی کا فیصلہ کرلیا ہے، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ برآمد کنندگان کیلئے وارفیج چارجزمیں 50 فیصد کمی کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ کے جی ٹی ایل کا اس وقت کوئی ریگولیٹر نہیں لیکن ہونا چاہیے، کسی کو من مانے طریقے سے چارجز اس قدر بڑھانے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے، شپنگ کمپنیز اور پورٹ ٹرمینلز کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں وعدے بہت کرتے ہیں لیکن اسمبلی میں آکر لڑنا شروع کر دیتے ہیں، پیپلز پارٹی اور نون لیگ کا مل کر حکومت چلانے کا فیصلہ معیشت بہتر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے فیصلوں پرعملدرآمد کا بہترین ون ونڈو پلیٹ فارم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہے پورٹ قاسم نے 4 سال میں 150 ارب کا منافع کمایا ہے، ہم نے جلد بندر گاہوں کی ترقی کیلئے بہت اہم فیصلے کرنے ہیں۔