بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ( ر ) ائیر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے لوک سبھا انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) میں شمولیت اختیار کرلی۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا (ریٹائرڈ) اور تروپتی کے سابق رکن پارلیمنٹ وراپرساد راؤ ویلگا پلی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔
کے ایس بھدوریا اور راؤ ویلگا پلی نے نے بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر سے نئی دہلی میں ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بھدوریا نے بی جے پی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بطور فضائیہ ملازم ان کا بہترین وقت بی جے پی کی حکومت میں گزرا۔
اپنے بیان میں سابق سربراہ فضائیہ کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے ایک بار پھر ملک کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع دیا ہے، میں نے چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک بھارتی ایئرفورس کی خدمت کی لیکن میری خدمت کا بہترین وقت بی جے پی حکومت کی قیادت میں گزشتہ آٹھ سال تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی طرف سے ہماری مسلح افواج کو بااختیار اور جدید بنانے اور انہیں خود انحصار بنانے کے لیے اٹھائے گئے سخت اقدامات نے نہ صرف افواج میں ایک نئی صلاحیت کو جنم دیا ہے بلکہ انہیں ایک نیا اعتماد بھی دیا ہے۔