پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا سنٹرل کنٹریکٹ بحال کر دیا گیا۔
اتوار کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ محسن نقوی نے قومی ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا اور بتایا کہ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی دوبارہ سے بنائی ہے جو 7 ممبرز پر مشتمل ہوگی جبکہ کمیٹی کا کوئی "سربراہ" نہیں ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد یوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں جبکہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور کپتان بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیئرمین کا ٹیم سلیکشن میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر حارث روف کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی بحال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف نے غلطی کا اعتراف کیا جس کے بعد ان کا سنٹرل کنٹریکٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہوں نے اپیل کی تھی جو ٹربیونل کو بھیجی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حارث رؤف سٹار پلیئر ہیں ، ان کا خیال رکھنا ضروری تھا۔
یاد رہے کہ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہونے سے انکار پر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسی سب کے لیے یکساں ہوگی،کوئی سفارش قبول نہیں ہوگی، بورڈ میں پیراشوٹرز کی گنجائش نہیں۔