نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو شراب پالیسی کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو لوک سبھا انتخابات سے کچھ ہی ہفتے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے مبینہ شراب پالیسی کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کی جانب سے اروند کیجریوال کو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔
قبل ازیں جمعرات کو دہلی ہائیکورٹ نے کہا کہ وہ کیجریوال کو ایکسائز پالیسی کیس میں ان کے خلاف زبردستی کارروائی کے سلسلے میں کسی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کرے گی۔
تحقیقاتی ایجنسی اس کیس میں منی لانڈرنگ کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔
کیجریوال بھارت کی تاریخ میں گرفتار ہونے والے پہلے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں اور ان کی پارٹی نے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
جمعرات کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر بات کرتے ہوئے دہلی کے وزیر نے کہا کہ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیجریوال کو گرفتار کیا ہے، ان کی گرفتاری بھارتی جنتا پارٹی ( بی جے پی ) اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے جب سے اس معاملے کی تحقیقات شروع ہوئی ہیں ، اے اے پی لیڈروں اور وزراء پر 1000 سے زیادہ چھاپے مارنے کے باوجود ای ڈی یا سی بی آئی نے ایک روپیہ بھی برآمد نہیں کیا ہے۔