پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہواہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر47.30 فیصد جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 37 فیصدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کاحجم 442.82 ملین ڈالرریکارڈ کیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47.30 فیصدزیادہ ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق فروری میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدت کاحجم 56.61 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جوجنوری میں 57.97 ملین ڈالراورگزشتہ سال فروری میں 43.64 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو504.15 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر37.14 فیصدکی نموہوئی ، جولائی سے لیکر فروری 2024 تک کی مدت میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 3.078 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.244 ارب ڈالرتھا۔
فروری میں سعودی عرب سے درآمدات پر293.34 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہوا جو جنوری میں 388.81 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 221.48 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں سعودی عرب سے درآمدات پر3.324 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔