امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ ڈونلڈ لو نے کہاہے کہ پاکستان کی کامیابی ہی ہماری کامیابی ہے ، پاکستانی معیشت کا استحکام امریکہ کیلئے بھی ضروری ہے کیونکہ ہماری وہاں بھاری سرمایہ کاری ہے ۔
امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ ڈونلڈ لو نے پاکستانی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت کا استحکام نہ صرف پاکستانی عوام کے حق میں ہے بلکہ اس کا براہ راست فائدہ امریکہ کو بھی ہے ،کیونکہ امریکہ کی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری ہے ، ہماری بہت ساری فرنچائزز اور کاروبار وہاں پر موجود ہیں ،ان کی کامیابی ہی ہماری کامیابی ہے ،پاکستان کی معیشت میں پیدا ہونے والے مسائل ہی اصل میں سرمایہ اور تجارت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، ہم نے پاکستان سے کاروبار کیلئے حالات ہموار کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ، جس سے وہ نہ صرف امریکی کاروباری شخصیات کو متوجہ کر سکیں گے بلکہ پاکستان میں موجود کاروباری افراد کو بھی متوجہ کر سکیں گے ، پاکستانی سرمایہ کار بہت سمجھدار ہیں ،وہ ایسی جگہ پر کام کرنا چاہیں گے جہاں انہیں منافع ہو۔ پاکستان میں حالات سازگار ہوں تو بھاری تعداد میں امریکی سرمایہ کار پاکستان کی جانب متوجہ ہوں گے۔