لاہور پولیس نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری قرار دیے جانےوالے پی ٹی آئی رہنماوں کی جائیداد قرقی کیلئے متعلقہ اداروں سے جائیداد کی تفصیلات مانگ لیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیداد کی تفصیلات لینے کیلئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے کمشنرلاہور،گورنراسٹیٹ بنک اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا۔
متعلقہ حکام سےاشتہاری قرار دیے گئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی تمام تر جائیدادوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی کے اشتہاری رہنماؤں کی حالیہ خریدی اور قابض جائیدادوں کی تفصیلات دی جائیں ۔ عدالت سے پی ٹی آئی کے 22رہنماوں کی جائیداد قرق کرنے کی اجازت لی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی آر پی سی سیکشن 87 کے تحت جائیداد قرقی اور اکاؤنٹ سیل کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔
اشتہاری قرار دیے جانے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان،عظمٰی خان، میاں اسلم اقبال ،حماد اظہر، فرخ حبیب، کے نام شامل ہیں۔ زبیر نیازی، امتیاز شیخ ،حافظ فرحت ،عندلیب عباس ،احمد خان نیازی، خالد گجر، کرامت کھوکھر سمیت دیگر شامل ہیں۔
تمام ملزمان کو 9مئی کے واقعے میں ملوث پائے جانے پر تفتیشی ٹیم کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔