فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ڈپٹی کمانڈر مروان عیسیٰ اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ حماس کے سنیئر رہنما مروان عیسیٰ اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
مروان عیسیٰ حماس کے نائب فوجی کمانڈر تھے اور گزشتہ برس 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے مارے جانے والے حماس کے سب سے سینئر رہنما ہیں۔
فلسطینی حکام نے عیسیٰ کی شہادت کی خبروں پر سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق عیسیٰ گزشتہ ہفتے وسطی غزہ میں نوصیرات پناہ گزین کیمپ کے نیچے ایک سرنگ کمپلیکس پر کئے گئے حملے میں مارے گئے تھے۔
حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر مروان عیسیٰ کو اسرائیل کو انتہائی مطلوب افراد میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور یورپی یونین نے انہیں اپنی دہشت گردانہ بلیک لسٹ میں رکھا تھا۔
عیسیٰ کو پہلی بغاوت کے دوران اسرائیل کی جانب سے پانچ سال تک جیل میں قید رکھا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے جاری جنگ کے دوران حماس کے کئی سینئر رہنماؤں کو شہید کیا ہے جن میں حماس کے سیاسی رہنما صالح العروری بھی شامل ہیں جو بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دحیہ میں ایک دھماکے میں شہید ہو گئے تھے۔
سلیوان نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ حماس کے دیگر رہنما غزہ میں حماس کے سرنگ نیٹ ورک میں زیر زمین چھپے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا حماس کے سرکردہ رہنماؤں کی تلاش میں اسرائیل کی مدد کرے گا، تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ایک کال میں غزہ میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت غزہ کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک 31 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔