کراچی کے علاقے کیماڑی میں نامعلوم افراد کی جانب سے کچرا کنڈی میں پھینکے گئے آنسو گیس کے شیل کچرے میں آگ لگنے کی وجہ سے پھٹ گئے۔ پولیس کےمطابق واقعہ میں کوئی بھی شخص بے ہوش نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے پلاٹ پر کچرا کنڈی سے درجنوں آنسو گیس کے شیل برآمد ہوئے ہیں۔ کچرا کنڈی میں آگ لگانے پر آنسو گیس کے شیل پھٹ گئے۔
ایس ایس پی کیماڑی عارف راؤ نے کہا کہ نامعلوم افراد آنسو گیس کے شیل پھینک کر چلے گئے جو آگ لگنے سے پھٹ گئے تاہم واقعہ میں کوئی بھی شخص بیہوش نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شیل ملے ہیں وہ پولیس کو جاری نہیں ہوتے۔ اس طرح کے شیل پولیس کے استعمال میں نہیں۔
عارف راؤ کا مزید کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ شیل کافی پرانے کچرا کنڈی کے پاس پڑے تھے، کسی نے کچرا کنڈی میں آگ لگائی تو کچھ شیل جل گئے ہیں، شیل کی تعداد 40 سے زائد ہے،واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔