شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میر علی میں شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی کو کراچی اور 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید کو تلہ گنگ میں آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ حولدار صابر شہید ضلع خیبر ، نائیک خورشید شہید کی لکی مروت میں تدفین کی گئی۔
29 سالہ سپاہی ناصر شہید پشاور ، 28 سالہ سپاہی راجا شہید کوہاٹ اور 25 سالہ سپاہی ساجد شہید کو ایبٹ آباد میں سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام شہدا کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی جبکہ نماز جنازہ میں شہداء کے اہلخانہ ، عزیزواقارب اور پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں مقامی عمائدین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔