جرمن چانسلر اولاف شولز نے اپیل کی ہے کہ اسرائیل رفح میں زمینی کارروائی سے گریز کرے، وہاں زمینی کارروائی سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔
اولاف شولز نے کہا کہ غزہ میں امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،اوروہاں بڑے پیمانے پر امداد پہنچنا ضروری ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے لیے حماس کی نئی تجاویز پر کل دوحہ میں مذاکرات ہوں گے،جس میںاسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ دوحہ مذاکرات میں حماس ،قطری اورمصری حکام بھی شریک ہوں گے۔
مصری وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں امداد کیلئے سمندری راستوں پر عائد پابندیاں ختم کرے،مصر رفح سے فضائی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
ادھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں تباہ کن انسانی المیہ جنم لے رہا ہے،غذائی قلت سے بچوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے گھروں پر دھاوا بول کر20فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔