لاہور پولیس نے میاں نوازشریف کی وطن واپسی پر سکیورٹی پلان تیار کرلیا۔
ائیرپورٹ سے مینار پاکستان تک سخت سکیورٹی انتظامات ہوں گے۔پولیس کا کہنا ہےکہ ممکنہ سیاسی کشیدگی کے پیش نظر،اینٹی رائٹ فورس الرٹ رکھی جائیگی۔
پولیس کے اجلاس میں امن وامان کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئےکار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پولیس اور ٹریفک پولیس حکام نے ائیرپورٹ سے مینارپاکستان تک روٹ کا دورہ بھی کیا۔
نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں
دوسری جانب نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی کا کہنا ہےکہ نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق اُن کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کرسیاسی رنگ دیا گیا ہے۔ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پرنوازشریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ چہ مگوئیوں اورمفروضوں سے باہر نکل کرمعاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا۔نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔
سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا سرفراز احمد بگٹی کے بیان پر ردعمل
لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے وطن واپسی پر نواز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حد سے تجاوز قرار دے دیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرفرازبگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا انجما دیکھ لیں۔ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی