سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان کے قتل کیس میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس کو پستول چوہدری تنویر کی زیر تعمیر رہائش گاہ سے برآمد ہوا ہے۔
دانش نامی ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ چوہدری عدنان کو ملزم جنید نے قتل کیا اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول چوہدری تنویر نے فراہم کیا تھا جبکہ واردات کے بعد میں اپنے والد اور ملزم جنید کے ہمراہ چوہدری تنویر کے گھر چلا گیا۔
ملزم دانش نے بتایا کہ واردات کے بعد والی رات تینوں نے چوہدری تنویر کے گھر گزاری اور پستول چوہدری تنویر کی نجی رہائش گاہ کے سٹور روم میں چھپایا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر پستول برآمدگی کا مقدمہ تھانہ روات میں درج کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری عدنان کو 12 فروری کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر کے قریب قتل کیا گیا تھا جبکہ ان کے قتل کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں چوہدری تنویر سمیت 5 افراد کے خلاف درج ہے۔