پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے پاکستان سپرلیگ سیزن نو کی تاریخوں کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق پی ایس ایل نو آئندہ سال8فروری سے24مارچ تک ہوگا۔
لاہورمیں پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت ہوا،پی ایس ایل کے آنے والے سیزن کے لیے ونڈو کا فیصلہ 8 فروری سے 24 مارچ 2024 کے درمیان کیا گیا ہے۔جبکہ اگلی میٹنگ میں حتمی شیڈول کی تصدیق کی جائے گی۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق پی ایس ایل کا نواں سیزن چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا، آئندہ سیزن میں کوئی اضافی ٹیم شامل نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی سی بی ہنگامی منصوبہ بندی کے ایک حصے کے طور پر متبادل مقامات کی تلاش کے لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور سپورٹ کے لیے، پی سی بی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران خواتین کی لیگ یا نمائشی میچوں کے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔جس میں ڈیجیٹل، میڈیا رائٹس اور دیگر تجارتی اثاثوں کے ٹینڈر کے عمل شامل ہیں۔
اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابق مالک مرحوم عالمگیر ترین کو دلی اور احترام کے ساتھ یاد کیا گیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کے تعاون کو سراہا گیا۔ ذکا اشرف نے میٹنگ میں کہاعالمگیر ترین لگن، جذبے اور کرکٹ میں قابل ذکر شراکت کیلئے جانے جاتے ہیں اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔