بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیئے، قومی ٹیم بدھ کو براستہ دبئی بھارت روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا وارم اپ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔
ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے جاری کردیئے گئے، پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ 27 ستمبر کو براستہ دبٸی بھارت روانہ ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو بھارتی ویزوں کے اجراء کی تصدیق کردی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے پاسپورٹ وصول کرنے کیلئے ای میل کردی ہے، قومی ٹیم 26 اور 27 کی درمیانی شب کو بھارت روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے بروقت ویزوں کا اجراء نہ کرنے پر آئی سی سی کو احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ دنیا کی ہر کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے بھارت نے ویزا جاری کردیا، پاکستان کو کیوں جاری نہیں کئے گئے۔
ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈز کیخلاف کھیلے گی جبکہ روایتی حریف بھارت سے ٹکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔
دوسری جانب بی سی سی آئی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے وارم اپ میچ میں شائقین کی آمد پر پابندی لگادی ہے۔ بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ مذہبی تہوار کی وجہ سے میچ کیلئے سیکیورٹی دینا ممکن نہیں۔