امریکی ریاست نیبراسکا میں امریکی فوج کے ایک ریٹائرڈ کرنل پر غیر ملکی ڈیٹنگ ویب سائٹ کے ذریعے ایک شخص کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ فرینکلن سلیٹر نامی ریٹائرڈ کرنل 2022 تک یو ایس اسٹریٹجک کمانڈ میں ملازم تھے جو کہ امریکی جوہری میزائل ہتھیاروں کی نگرانی کرتا ہے۔
ڈیوڈ فرینکلن کو ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا اور منگل کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ کرنل نے غیر قانونی طور پر ایسی دستاویزات کی ترسیل کی جو امریکا کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال ہو سکتی ہیں۔
کیس کی تحقیقات ایف بی آئی اور ایئر فورس آفس آف اسپیشل انویسٹی گیشن نے کی۔
جرم ثابت ہونے پر سیلٹر کو 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔