الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کیا۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔
چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔ الیکشن کمیشن کل ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا۔
حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک دائر ہوسکیں گے، الیکشن کمیشن اعتراضات 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک نمٹائے گا۔ الیکشن کمیشن حتمی حلقہ بندیاں 30 نومبر کو جاری کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 9 لاکھ 5 ہزار 595، سندھ کا 9 لاکھ 13 ہزار رکھا گیا ہے، خیبرپختونخواہ میں قومی اسمبلی کا حلقہ 9 لاکھ 7 ہزار 913 کی آبادی پرمشتمل ہوگا جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 پر ہوگا۔ اسلام آباد کےلئے قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 رکھا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہے، سندھ اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431 رکھا گیا ہے، خیبرپختونخواہ اسمبلی کا 3 لاکھ 55 ہزار 270، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 نفوس پرمشتمل ہے۔
قومی اسمبلی کی 266 مجموعی نشستوں میں سے پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں رکھی گئی ہیں، سندھ اسمبلی کی 130، بلوچستان کی 51 اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں۔
واضح رہے کہ 21 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔