پاکستان تحریک انصاف آج الیکشن نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے جا رہی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر مختلف مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
لاہور میں جی پی او چوک پر تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی سے پولیس نے شہزاد فاروق سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب شیر افضل مروت کی قیادت میں پی ٹی آئی کی ریلی راولپنڈی کے لیاقت سے شروع ہوگئی ہے، کارکنان کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے۔ لیاقت باغ مری روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کی طرح سندھ بھر میں آج احتجاج ہوگا۔ رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 5سال کیا یہ حکومت 5 ماہ بھی نہیں رہے گی، ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے ایم کیو ایم وزارتیں مانگنے گئی تھی۔