پاکستان تحریک انصاف نے وزارت عظمیٰ کے بعد صدارتی الیکشن میں بھی اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی آصف علی زرداری کو واک اوور نہیں دیں گے، تحریک انصاف کی لیگل ٹیم صدارتی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق صدارتی امیدوار پنجاب اور خیبر پختونخوا سے نہیں لایا جائے گا بلکہ سندھ یا بلوچستان سے پی ٹی آئی کے امیدوار کی نامزدگی کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر پاکستان کے انتخاب کا طریقہ کار اور ووٹنگ فارمولا کیا ہے؟
خیال رہے کہ گزشتہ روز سما کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی الیکشن میں امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے صدرارتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی دو مارچ دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال چار مارچ ، امیدواروں کی حتمی فہرست 5 مارچ کو آویزاں ہوگی جبکہ نام 6 مارچ تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔
نئے صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو صبح دس سے شام چار بجے تک ہوگی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان ووٹ ڈالیں گے ، جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اپنے اپنے ایوانوں میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔