پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جس دوران بلوچستان کے علاوہ تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے ،بیرسٹرگوہر چیئرمین پی ٹی آئی جبکہ عمر ایوب سیکریٹری جنرل کے عہدے پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں ۔
کے پی کے میں علی امین گنڈاپور ، سندھ میں حلیم عاد شیخ اور پنجاب میں یاسمین راشد کا پینل بلامقابلہ کامیاب قرار پایا ہے ، پی ٹی آئی بلوچستان کی صدارت کیلئے3پینلزکےدرمیان مقابلہ ہوگا۔ بلوچستان میں امین خان جوگیزئی ، منیر بلوچ اور داود شاہ کے پینلز کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ باقاعدہ اعلان3مارچ کوکوئٹہ میں بلوچستان کےصدرکےانتخابات کے بعد جائے گا ۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابت سے قبل تحریک انصاف کے انٹر اپارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے انتخابی نشان واپس لے لیا تھا جس کے بعد پارٹی کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ، پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرا ر دیتے ہوئے پی ٹی آئی کا بلے کا نشان بحال کر دیا تھا تاہم بعدازاں الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ، عدالت عظمیٰ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بحال کر دیا تھا ۔
انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم ہونے کے بعد تحریک انصاف بلے کے نشان پر الیکشن نہیں لڑ سکی تاہم تمام رہنماوں نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت میں اراکین کی شمولیت سنی اتحاد کونسل میں کروائی ۔