خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسران کوبھیجے گئے مراسلے کے مطابق سکول کے اوقات میں موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
مراسلہ کے مطابق سکولوںمیںاساتذہ کے موبائل فون استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر تے ہوئے کہا گیا ہے کہ سکول اوقات میں موبائل فون کا استعمال طلبہ کی پڑھائی پرمنفی اثرمرتب کرتا ہے،کلاس روم میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔
سکولوں کے سربراہان تمام عملے سے صبح موبائل فون وصول کریں گے، ایمرجنسی کی صورت میں عملہ پی ٹی سی ایل لینڈلائن یا سکول ہیڈ سیل فون سے رابطہ کریں ۔
مراسلے کے مطابق عملہ صرف بریک یا خالی کلاس کے اوقات میں اپنے موبائل فون استعمال کر سکتا ہے، تصاویر یا ویڈیو بنانے کے لیے ادارے کے سربراہان سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔