مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی روایات کو آگے بڑھائیں گی۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نئی روایت قائم کی جارہی ہے، اس تاریخی لمحے کا حصہ ہونے پر فخر ہے، وزارت اعلیٰ خدمت کا منصب ہے، شہبازشریف نے بطور خادم اعلیٰ مثال قائم کی اب نوازشریف کی روایات کو مریم نواز آگے بڑھائیں گی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی کے تعاون نہ کرنے کی کوئی مثال نہیں، مریم نواز کو تمام طبقات کا تعاون حاصل ہوگا۔
لازمی پڑھیں۔ وزیر اعلیٰ کی تضحیک کی گئی تو جواب دیں گے، عظمیٰ بخاری
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست ، بدتمیزی اور بدتہذہبی کا سلسلہ چار،پانچ سال سےجاری ہے، پاکستان کو سیاسی استحکام دینا سب سے بڑا چیلنج ہے، سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام لائے گا، معاشی استحکام کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے کا چیلنج مسلم لیگ ن کی قیادت کو درپیش ہے، مریم نواز اس چیلنج میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں گی۔
لازمی پڑھیں۔ صدر نے اسمبلی کا اجلاس نہ بلوا کر آئین سے روگردانی کی، اعظم نذیر تارڑ
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق نئی حکومت فیصلہ کرے گی۔